دنیا بھر سے 1.6 ملین حجاج کرام سعودی عرب پہنچ گئے تھے
مکہ مکرمہ : (مانیٹرنگ ڈیسک ) مناسکِ حج کا آغاز آج سے ہوگا، عازمینِ حج آج نماز ظہر سے پہلے مِنیٰ پہنچیں گے، مِنیٰ میں حجاج کے لیے خیموں کی بستی بسا دی گئی ہے اور وہ آج رات منی میں ہی قیام کریں گے۔

عازمین 9 ذی الحج کی صبح حج کے سب سے اہم رکن وقوف عرفہ کے لیے عرفات روانہ ہونگے، عازمین کی حفاظت کے لیے سعودی محکمہ شہری دفاع نے گیس سلنڈر رکھنے کی سختی سے منع ہے، 90 ممالک سے تقریبا 1300 شاہی مہمان عازمین بھی اس سال فریضہ حج ادا کر رہے ہیں۔
سعودی حکام کے مطابق جمعہ کے دن تک دنیا بھر سے 1.6 ملین عازمین حج سعودی عرب پہنچ گئے تھے، سعودی عرب کے اندر سے ہی حج ادا کرنے کے لیے حرم مکی پہنچنے والوں کی تعداد کا اعلان تاحال نہیں کیا گیا ہے،حکام کو توقع ہے کہ اس سال 160 ملکوں سے 20 لاکھ سے زیادہ عازمین حج ادا کریں گے۔
واضح رہے کہ حج سیزن میں مدینہ آنے والے حجاج کرام آٹھ دن قیام کرتے ہیں بعدازاں مکہ روانہ ہو جاتے ہیں ، جو عازمین براہ راست مدینہ آتے ہیں ان کی واپسی جدہ سے ہوتی ہے جبکہ حج کے بعد آنے والے عازمین کی واپسی مدینہ سے ہی کی جاتی ہے۔

پچھلے سال 1443 میں حجاج کرام کی تعداد کو 9 لاکھ 26 ہزار تک محدود رکھا گیا تھا، ان میں سے بیرون ملک سے آنے والے حجاج کرام کی تعداد 7 لاکھ 81 ہزار تھی، کورونا وبا سے پہلے 2019 میں دنیا بھر سے تقریباً 25 لاکھ مسلمانوں نے حج ادا کیا تھا۔

